کراچی میں ٹرالرکی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق یہ حادثہ کراچی کے علاقے کورنگی گودام چورنگی پر پیش آیا جہاں ٹرالر موٹرسائیکل سوار شہری پر چڑھ دوڑا۔
حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تاہم ٹرک کو قبضے میں لے لیا گیا۔
واضح رہے کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات میں 135 سے زائد افراد جاں بحق اور 1800 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔*مصطفیٰ قتل کیس: ’رات دیر تک موسیقی اور شور شرابہ‘، ارمغان کے پڑوسیوں کا گھر خالی کرانے کا مطالبہ*
کراچی کے علاقے ڈیفنس کے رہائیشوں نے مصطفیٰ عامر کیس میں نامزد ملزم ارمغان قریشی کا گھر خالی کروانے کیلئے ڈی ایچ اے کو خط لکھ دیا۔
مصطفیٰ قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم ارمغان کا گھر خالی کروانے کیلئے پڑوسیوں نے ڈی ایچ اے انتظامیہ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کامران قریشی اور اہلخانہ متعلقہ اتھارٹی کے ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، کامران قریشی نے 2023 سے 2024 کے دوران خلاف قانون تین شیر گھر پر رکھے۔
لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گھر میں رات بھربلند آواز میں موسیقی بجائی جاتی ہے جس سے آرام میں خلل پڑتا ہے، کامران قریشی کے بیٹے ارمغان نے 100 سے زائد نجی سکیورٹی گارڈز رکھے ہوئے ہیں، ارمغان کے نجی گارڈز خواتین اور گھریلو ملازمین کو ہراساں کرتے ہیں۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ 8 فروری کو کامران اصفر قریشی کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا، جس دوران گھر سے فائرنگ کی گئی، گھر سے غیر قانونی ہتھیار برآمد ہوئے، اطراف کے رہائشی اپنےگھروں میں محصور رہے، بے امنی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے پیش نظر رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
ڈی ایچ اے انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کامران اصغر قریشی کو اس گھر سے نکالا جائے اور اصل مالک کی شناخت کی جائے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ گھر کا مالک دبئی میں ہے، مالک کی درخواست وصولی کیلئے قونصل جنرل یو اے ای کو خط لکھا ہے، مالک سے رابطہ ہونے پر ارمغان کے پڑوسیوں کے تحفظات اور چھاپےکا بتائیں گے، مالک کی منظوری سے گھر خالی کرانے کی کارروائی آگے بڑھائیں گے۔
*کوئی کھلاڑی ٹیم میں بغیر پرفارمنس نہیں آیا، ایسا نہیں ہوسکتا جو ہارگئے انہیں نکال کر انڈر 19 ٹیم لے آئیں: ہیڈ کوچ*
راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہےکہ ایک بھی ایسا کھلاڑی نہیں ہے جو بغیر پرفارمنس ٹیم میں آیا ہو اور ایسا تو نہیں ہوسکتا جو ہار گئے ان کو بدل دیں اور انڈر 19 ٹیم کو لائیں۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑی افسردہ ہیں، جب ٹیم توقعات کےمطابق نہیں کھیلتی تو سب سےزیادہ دکھ کھلاڑیوں کو ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم بہت تجربہ کار تھی اور 240 رنز کا دفاع کرنا ہو تو وکٹیں لینا ہوتیں، اٹیک کرنا ہوتا ہے اور بھارت کے خلاف صرف پلاننگ نہیں ہوتی،ہر میچ کےلیے ہوتی ہے۔
صحافی کی جانب سے ٹیم سلیکشن پر مطمئن ہونے کے سوال پر ہیڈ کوچ نے جواب دیا کہ مطمئن کبھی نہیں ہوسکتے مگر یہ جو ہماری ٹیم تھی یہی بیسٹ اور ممکنہ ٹیم تھی۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ جس نے ایک میچ کھیلا ہم کہہ رہے ہیں وہ ہوتا تو پاکستان میچ جیت جاتا، ایک بھی ایسا کھلاڑی نہیں ہے جو بغیر پرفارمنس ٹیم میں آیا ہو، ٹیم کو بنانے میں ہماری سوچ تھی کہ بہترین ٹیم بنائیں۔
انہوں نے کھلاڑیوں کی جانب سے کارکردگی نہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہماری پرفارمنس نہیں آرہی ہے، بہتری تو لانی ہے، اس پروسیس کو کوئی روک نہیں سکتا۔
عاقب جاوید نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کا کام بہترین کھلاڑی کھلانا ہے، اب وہی کریں گے آگے جو اس ٹیم کے لیے بہتر ہے مگر ایسا تو نہیں ہوسکتا جو ہار گئے ان کو بدل دیں اور انڈر 19 ٹیم کو لائیں، ہم اپنی کوشش میں لگے رہیں گے، اب ہم خود کو ٹیم کو کل کے میچ کیلیے تیار کریں گے۔
*ایسی دردناک خبر پوسٹ کرتے ہوئے بھی دل دہل جاتا ہے۔۔۔
*کراچی: بجلی کا بل پونے 2 لاکھ آنے پر شہری نے خود سوزی کرلی*
کراچی کے علاقے منظور کالونی کے گھر میں آتشزدگی کا واقعہ گھر کے مالک کی خود سوزی کا نتیجہ نکلا۔
پولیس کے مطابق گھر کے مالک نے حالات سے دلبرداشتہ ہو کر خود کو آگ لگائی جس سے گھر کو بھی نقصان پہنچا۔
ایس ایچ او بلوچ کالونی مظہر کانگو کے مطابق منظور کالونی میں عیدگاہ چوک پر گزشتہ روز گھر میں اگ لگنے سے 67 سالہ ظفر لئیق جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ 17 سالہ اعظم جھلس کر زخمی ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق حالات واقعات کی جانچ پڑتال کے بعد پتہ چلا کہ ظفر لئیق نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر کیمیکل چھڑک کر مبینہ طور پر خود کو آگ لگائی اور جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ آتشزدگی کے دوران اسے بچانے کی کوشش میں اس کا سوتیلا بیٹا اعظم زخمی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے اہل خانہ نے بیان دیا ہے کہ ظفر لئیق چھوٹی موٹی سرمایہ کاری کرکے گھر چلا رہا تھا لیکن کئی ماہ سے مالی حالات خراب ہوگئے تھے جس کی بنا پر گزشتہ 10 ماہ سے انہوں نے گھر کا کرایہ بھی ادا نہیں کیا تھا اور پھر بجلی کا بل ایک لاکھ 75 ہزار روپے آگیا۔
پولیس کے مطابق گھریلو حالات خراب ہونے کی وجہ سے راشن لانے میں بھی مشکل پیش آرہی تھی، واقعے کے روز خاتون نے شوہر سے پکانے کیلئے سودا سلف لانے کا کہا تو دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی اور ظفر نے کمرہ بند کرلیا، کچھ دیر بعد کمرے سے آگ محسوس ہوئی، دروازہ توڑ کر دیکھا تو ظفر جل چکا تھا۔
بیوہ خاتون کے مطابق سوتیلے باپ کو بچانے کے لیے 17 سالہ اعظم نے کوشش کی تو زخمی ہوگیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں