آج افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں گھسنے کی کوشش کی، اس دوران دہشت گردوں نے 2 بارود سے بھری گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرائیں، سیکیورٹی ذرائع*سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کینٹ میں فتنہ الخوارج کی جانب سے دہشت گرد حملہ ناکام بناتے ہوئے 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آج افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں گھسنے کی کوشش کی، اس دوران دہشت گردوں نے 2 بارود سے بھری گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرائیں۔سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ فورسز نے دہشت گردوں کی بنوں کینٹ میں گھسنے کی کوشش ناکام بنائی اور سیکیورٹی اہلکاروں نے 6 خارجی دہشت گردوں کو مختلف انٹری پوائنٹس پر ہلاک کیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے دیگر دہشت گردوں کو بھی محصور کرلیا ہے جب کہ بارود سے بھری گاڑیوں سے قریبی مسجد کو نقصان پہنچا۔غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق سینئر ضلعی پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ خود کش بمباروں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری دو گاڑیاں بنوں چھاؤنی کے داخلی دروازے سے ٹکرا دیں جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر دھماکے ہوئے، جس کے بعد متعدد دہشت گردوں نے کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کی۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ترجمان نعمان خطاب کے مطابق زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال لایا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اب تک اس واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔تاہم وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ضلع بنوں میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سینئر پولیس عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی ہے جب کہ ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
*بنوں کینٹ حملہ، 12 معصوم شہری شہید، 32 زخمی، 6خوارج ہلاک*
بنوں: بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارجیوں کو ہلاک کردیا، حملے میں 12 شہری شہید اور 32 زخمی ہوگئے۔
اس حوالے سے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی جو سیکورٹی فورسز نے ناکام بنا دی۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری دو گاڑیاں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں، مختلف انٹری پوائنٹس پر سیکورٹی عملے نے 6 خارجیوں کو ہلاک کیا۔
ذرائع کے مطابق خارجیوں نے ایک بارود سے بھری گاڑی بازار سے ملحقہ علاقے میں دھماکے سے اڑا دی، جس سے متعدد معصوم شہری شہید اور زخمی ہوئے، قریبی مسجد اور ایک گھر بھی منہدم ہوگیا۔ بازار میں گاڑی کے دھماکے کی وجہ سے عمارت منہدم ہونے سے بھی شہری شہید ہوئے۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بزدلانہ حملے میں 12معصوم شہری شہید اور 32 زخمی ہوئے ۔ سیکورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آخری خارجی کے خاتمے تک سیکورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
ترجمان ڈی ایچ کیو اسپتال محمد نعمان کے مطابق دہشت گرد حملے میں 12 شہری شہید جب کہ 30 زخمی ہوئے ہیں۔
محمد نعمان کے مطابق شہید ہونے والے شہریوں میں 4 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خوارج کا رمضان میں شہریوں اور مسجد کو نشانہ بنانا غماز ہے کہ ان کا اسلام سے تعلق نہیں، سکیورٹی فورسز کا تمام خارجیوں کا صفایا کرنے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
*بانی پی ٹی آئی آدھی رات کو بھی بلائیں گے تو جاؤں گا، فیصل واوڈا*
*اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ میں پی ٹی آئی حصہ تھا اور نہ ہی اب جانا ہے، میں عمران خان کے ساتھ تھا، وہ آدھی رات کو بھی بلائیں گے تو جاؤں گا۔*
*پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان کو کوئی ڈیل آفر نہیں ہوئی، تاریخ لکھ لیں نہ دھرنا ہوگا اور نہ احتجاج ہوگا یہ سب ٹو پی ڈرامہ ہے۔*
*فیصل واوڈا نے کہا کہ یہ پرانی تنخواہ پر کام کریں گے، یہ ٹرمپ کارڈ سے اب پلے کارڈ پر آگئے ہیں، عید کے بعد بکرا عید بھی آجائے گی لیکن کچھ نہیں ہوگا، بجٹ کے دوران کچھ ہلکی گرما گرمی نظر آئے گی۔*
*کراچی، بینک لاکرز سے شہری کا 10 کروڑ مالیت کا سامان چوری*
کراچی:شہر قائد کے علاقے درخشاں کے بینک لاکر سے شہری کا 10 کروڑ مالیت کا سامان چوری ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق درخشاں کے علاقے میں نجی بینک کے لاکر سے 10 کروڑ روپے مالیت کا سامان چوری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، متاثرہ شہری نے درخشاں تھانے میں واردات کا مقدمہ درج کرادیا۔
شہری کے مطابق لاکر میں ڈائمنڈ، گولڈ جیولری ، برانڈڈ گھڑیاں اور دیگر اشیا رکھی تھیں، 6 فروری کو لاکر میں سارا سامان تھا ، 19 فروری کو بینک گئے تو لاکر خالی تھا۔
متاثرہ شہری نے پولیس کو بتایا کہ جولائی 2010 سے لاکر آپریٹ کررہا ہوں، مختلف وقتوں میں سامان رکھتا گیا، ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک کو بھی درخواست ارسال کردی۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے جبکہ مدعی سے بھی تفصیلات لے لی گئیں، تحقیقات کے دوران ضرورت محسوس ہوئی تو مزید دفعات بھی عائد کی جائیں گی۔
پولیس نے واقعے سے متعلق بینک کے عملے کو بھی تفتیش کے لیے طلب کرلیا جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔
*ٹرمپ کا منصوبہ مسترد، عرب ممالک نے غزہ کی تعمیر نو کیلئے مصر کے منصوبے کی حمایت کر دی*
عرب ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے اور فلسطینیوں کی بے دخلی کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے مصر کے متبادل منصوبے کی حمایت کر دی۔
منگل کو عرب ممالک کا قاہرہ میں غیرمعمولی اجلاس ہوا، جس میں مصر، سعودی عرب، قطر، اردن، شام اور دیگر عرب ممالک سمیت اقوام متحدہ کے سربراہ، یورپی یونین صدر اور اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل شریک ہوئے۔
اجلاس میں غزہ کی تعمیر نو اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر غور کیا گیا، اجلاس کا مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے اور فلسطینیوں کی بے دخلی کے منصوبے کے خلاف مشترکہ عرب مؤقف اپنانا تھا۔
اس موقع پر مصر نے ٹرمپ کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے غزہ کی تعمیر نو کے لیے ایک ایسا منصوبہ پیش کرنے کا اعلان کیا جو فلسطینیوں کے حقوق کا احترام کرے اور انہیں ان کی سرزمین پر برقرار رکھےگا۔
مصر کے غزہ کے حوالے سے 53 ارب ڈالر کے مجوزہ 5 سالہ منصوبے میں لاکھوں مکانات، تجارتی بندرگاہ اور ائیرپورٹ کی تعمیر شامل ہے جبکہ فلسطینی علاقوں میں انتخابات اور دو ریاستی حل کی کوششیں بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
گھنٹوں جاری رہنے والے اس اجلاس کے اختتام پر عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط نے اعلان کیا کہ مصر کا منصوبہ اب ایک عرب منصوبہ بن چکا ہے۔
انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کا براہ راست ذکر کیے بغیر اس بات پر زور دیا کہ عرب کا مؤقف یہ ہے کہ کسی بھی قسم کی بے دخلی، چاہے وہ رضاکارانہ ہو یا جبری، ناقابل قبول ہے۔
اجلاس میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ عرب رہنماؤں نے غزہ کی جنگ سے تباہ حال سرزمین کی تعمیر نو کے لیے مصری منصوبے کی حمایت کی ہے، جس کے تحت وہاں کے رہائشیوں کو اپنی سرزمین پر ہی رہنے کی اجازت دی جائے گی۔
صدر السیسی نے کہا کہ مصر نے فلسطینیوں کے ساتھ مل کر ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو آزاد اور پیشہ ور فلسطینی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ یہ کمیٹی غزہ کے امور چلانے اور انسانی امداد کی نگرانی کی ذمہ دار ہوگی، جب تک کہ فلسطینی اتھارٹی دوبارہ کنٹرول سنبھال نہ لے۔
*ڈونلڈ ٹرمپ کا افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف تعاون پر پاکستان کا خصوصی شکریہ*
کانگریس سے اپنے طویل ترین خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انتہاپسند دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ افغانستان میں ایک بڑا دہشت گرد پکڑا گیا ہے۔
امریکی صدر نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "میں حکومت پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، کیونکہ اس دہشت گرد کی گرفتاری میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا"۔
انہوں نے مزید کہا کہ ساڑھے تین سال پہلے دا_عش نے 13 امریکیوں کو افغانستان میں قتل کیا تھا، اور اب اس مجرم کو امریکا لا کر قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 2021 میں افغانستان میں ہونے والے بم دھماکے میں 13 امریکی اہلکار مارے گئے تھے۔ بم دھماکے کا ماسٹر مائنڈ دا_عش کے کمانڈر شریف الدین کو ٹھہرایا گیا تھا اور امریکی صدر کے مطابق ایف بی آئی، ڈی او جے اور سی آئی اے کی مدد سے اس دہشت گرد کو افغانستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ٹرمپ نے محمد شریف الدین کی گرفتاری پر پاکستان کی مدد کا شکریہ ادا کیا ہے۔
* *کل رات سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ قلات میں بھی بند، سوراب میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ 6 دنوں سے بند*
قلات: کل رات سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ قلات میں بند جبکہ سوراب سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ 6 دنوں سے بند ہے، قلات میں خواتین مظاہرین نے اغوا نماگرفتاریوں کے خلاف احتجاجا کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے سڑک کو بلاک کردیا ہے، ٹریفک کی روانی معطل، سینکڑوں گاڑیاں ہزاروں مسافر پھنس گئے جبکہ قلات بازار میں بھی شٹر ڈان ہڑتال کی گئی خواتین مظاہرین کا کہنا ہے
کہ گزشتہ رات قلات میں متعدد افراد کو کو گرفتار کرکے جبری لاپتہ کردیا گیا ہے جس کے خلاف لواحقین نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ سمیت شہر کے تمام مین شاہراہوں اور شاہی بازار سمیت تمام دکانوں کو بھی بند کردیا ہے ۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک لاپتہ افراد کو بازیاب نہیں کیا جاتا دھرنا جاری رہے گا۔
*بنوں کینٹ حملہ، 4 خودکش بمباروں سمیت 16 دہشت گرد ہلاک، 5 فوجی جوان وطن پر قربان ہوگئے، آئی ایس پی آر*
*خودکش دھماکوں کی وجہ سے مسجد، رہائشی عمارت تباہ ہو گئی، 13 بے گناہ شہری شہید، 32 زخمی ہو گئے، ترجمان پاک فوج*
سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے کینٹ میں بزدلانہ دہشت گرد حملہ ناکام بنا کر 16 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جب کہ شدید جھڑپ کے دوران 5 بہادر فوجی مادرِ وطن پر قربان ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 4 مارچ کو خوارج عناصر نے بنوں کینٹ پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی۔
بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں نے کینٹ کی سیکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی، تاہم پاکستان کی مستعد اور بہادر سیکیورٹی فورسز نے ان کے ناپاک عزائم کو فوری اور فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ حملہ آوروں نے دو بارود سے بھری گاڑیاں حفاظتی دیوار سے ٹکرا دیں، پاک فوج کے جوانوں نے بے مثال جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو نشانہ بنایا اور 16 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس شدید جھڑپ میں 5 بہادر فوجی مادرِ وطن پر قربان ہو گئے، خودکش دھماکوں کی وجہ سے حفاظتی دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا، جس سے ملحقہ عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
بیان میں کہا گیا کہ بدقسمتی سے، ایک مسجد اور رہائشی عمارت بھی تباہ ہو گئی، جس کے نتیجے میں 13 بے گناہ شہری شہید جب کہ 32 زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اداروں کی تحقیقات میں واضح طور پر ثابت ہوا ہے کہ اس حملے میں افغان شہری براہِ راست ملوث تھے، شواہد سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی افغانستان میں موجود خوارج کے سرغنہ کر رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی، پاکستان اپنی سرحدوں کے پار سے ہونے والے ان خطرات کے جواب میں ہر ممکن اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
*پاکستان کا خصوصی شکریہ*
*ٹرمپ کا کابل ایئرپورٹ دھماکے میں ملوث دہشت گرد شریف اللہ کو پکڑنے پر پاکستان کا شکریہ*
*امریکی انخلا کے دوران کابل ایئرپورٹ پر دھماکے میں 13 امریکی فوجی اور 170 افغان شہری مارے گئے تھے*
*پاکستان نے سی آئی اے کی خفیہ اطلاع پر شریف اللہ کو گرفتار کیا، امریکی نشریاتی ادارہ*
*خطے میں امن کیلیے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے، وزیر اعظم کا بھی ٹرمپ سے اظہار تشکر*
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھے گا۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار اور حمایت کو تسلیم کرنے اور سراہنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایس کے پی کے آپریشنل کمانڈر شریف اللہ، جو کہ افغانستان کا شہری ہے اور ایک مطلوب دہشت گرد ہے، کی پاک افغان سرحدی علاقے میں کامیاب کارروائی کے دوران گرفتاری کے تناظر میں پاکستان کے کردار کو امریکی صدر نے سراہا، جس پر ہم اظہار تشکر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں ایک کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے تاکہ دہشت گردوں اور شدت پسند گروہوں کو محفوظ پناہ گاہوں سے محروم کیا جا سکے اور کسی بھی ملک کے خلاف ان کی کارروائیوں کو روکا جا سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد میں ثابت قدم اور پرعزم ہے۔ اس مقصد کے لیے پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ 80,000 سے زائد بہادر فوجیوں اور شہریوں کی جانوں کا نذرانہ شامل ہے۔
*طورخم بارڈر 12ویں روز بھی بند، افغان فورسز کی وقفے وقفے سے فائرنگ، قریبی علاقے سے نقل مکانی*
پاک افغان طورخم بارڈر کی بندش کے 12 ویں روز بھی افغانستان کی سائیڈ سے ایک بار پھر وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، ایک جانب سرحد کی بندش سے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، تو دوسری جانب افغان فورسز متنازع حدود میں تعمیراتی کام کرنے پر بضد ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق فائرنگ سے طورخم بارڈر کے قریب علاقے باچامینا سے مقامی لوگوں کی نقل مکانی شروع ہوگئی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ اور گولا باری سے مقامی آبادی کے لوگ نشانہ بن رہے ہیں، وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعات سے تاحال جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، لیکن لوگوں کو معمول کے مطابق اپنی زندگی گزارنے میں سخت مشکلات درپیش ہیں
۔
*وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اختیار ولی کی ملاقات، وزیراعظم کی خیبر پختونخوا میں پارٹی معاملات کے حوالے سے عوامی روابط مزید بہتر بنانے کی ہدایت*
*عمران خان کو بتاؤں گا کہ ہماری یا آپ کی خواہش پر نہیں بلکہ عوام کی خواہش پر اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیا گیا، وزیر اعلیٰ کے پی، علی امین گنڈا پور*
*وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک آمد،مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت پر اظہار افسوس*
*مکہ مکرمہ: قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کی مدرس حرم مکی مولانا محمد مکی حجازی سے ملاقات*
قائد جمعیت نے مولانا مکی حجازی کی خیریت دریافت کی
شیخ مکی حجازی نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن سے مولانا حامد الحق کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
مکی صاحب نے مولانا حامد الحق کی بلند درجات کےلئے خصوصی دعا کی
ملاقات میں مولانا راشد محمود سومرو، مفتی ابرار ویگر موجود تھے۔
*چولستان: جھگیوں میں آگ لگنے سے خاتون اور 4 بچے جاں بحق*
بہاولپور: صحرائے چولستان کے علاقے ٹوبہ قاسم والا میں جھگیوں کوآگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور 4 بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق خاتون چائے بنا رہی تھی کی چولہے سے آگ لگ گئی اور آگ گنےکی فصل کی باقیات سے بنائی گئی جھگیوں میں پھیل گئی۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں بالترتیب ایک سال سے 4 سال کے درمیان ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں اور خاتون کی لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیاہے اور واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
*بلال بن ثاقب پاکستان کرپٹو کونسل کیلئے وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر مقرر*
*پاکستان کی کرپٹو کونسل کے چیف ایڈوائزر مقررہونے والے بلال بن ثاقب کون ہیں؟*
کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی اپنانے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے حکومت پاکستان نے بلال بن ثاقب کو کرپٹو کونسل کا چیف ایڈوائزر مقرر کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ و ریونیو کے مشیر برائے پاکستان کرپٹو کونسل تعینات ہونے والے بلال بن ثاقب فوربز 30 انڈر 30 میں شامل ہیں، وہ کرپٹو ماہر اور ویب 3 انویسٹر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بلال بن ثاقب کو برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے “پوائنٹس آف لائٹ ایوارڈ” سے نوازا گیا، ایم بی ای اعزاز یافتہ بلال بن ثاقب حکومت پاکستان کے ساتھ کرپٹو پالیسی پر کام کریں گے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ییان کے مطابق پاکستان کرپٹو اور بلاک چین کے فروغ کے لیے عالمی معیار کی پالیسی اپنانے کی راہ پر گامزن ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کرپٹو اثاثوں کے لیے مؤثر ریگولیٹری فریم ورک بنانے پر کام کر رہا ہے، مصنوعی ذہانت کے ذریعے حکومتی امور میں جدت لانے پر بھی مشاورت ہو گی، کرپٹو معیشت سے نوجوانوں کو روزگار اور ترقی کے مواقع ملیں گے۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بلال بن ثاقب کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا جب کہ بلال بن ثاقب نے کہا کہ کرپٹو اور بلاک چین نوجوانوں کے لیے ترقی کے مواقع پیدا کریں گے۔
ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 700 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد آج سونےکی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 7 ہزار روپے ہے۔
ملک میں 10 گرام سونےکی قیمت بھی 601 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 36 ہزار 203 روپے ہے۔
دوسری جانب عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونےکی قیمت 5 ڈالر اضافے سے 2921 ڈالر فی اونس ہے۔
*سائنس فکشن فلموں جیسے روبوٹس حقیقت میں مجرموں کیخلاف متحرک ہوگئے*
چوروں اور ڈاکوؤں سے لوگوں کو بچانے کے لیے چین میں پولیس نے انسان نما روبوٹس سے مدد لینا شروع کر دی ہے۔
جنوبی چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر شینزن کی گلیوں میں یہ روبوٹس انسانی پولیس اہلکاروں کے ساتھ گلیوں میں گشت کرتے ہیں۔
گشت کے دوران یہ روبوٹ لوگوں کی توجہ کا مرکز بھی بن رہے ہیں کیونکہ وہ عوام کے ساتھ بات چیت کرنا پسند کرتے ہیں۔
گشت کے دوران ان روبوٹس کے جسم میں پولیس کی وردی موجود ہوتی ہے۔
گشت کرتے ہوئے روبوٹس ہجوم کی جانب ہاتھ ہلاتے ہیں اور روبوٹیک آواز میں احکامات دیتے ہیں۔
1.38 میٹر لمبے روبوٹس کا وزن 40 کلوگرام ہے جبکہ ان کی قیمت 88 ہزار یوآن ہے۔
ان کی نقل و حرکت کے لیے جدید لرننگ الگورتھم کو استعمال کیا گیا ہے تاکہ وہ انسانوں جیسے قدرتی انداز سے حرکت کرسکیں اور پیچیدہ کام کرسکیں۔
اسی طرح طاقتور چپس اور متعدد سنسرز کی مدد سے یہ روبوٹس اردگرد کے ماحول میں موجود اشیا کو شناخت کرسکتے ہیں اور وائس کمانڈز پر ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔
پی ایم 01 نامی روبوٹ ماڈل کو ایک مقامی کمپنی نے تیار کیا ہے اور انہیں صرف پولیس فورس کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ پولیس اہلکاروں کے بوجھ میں کمی لائی جاسکے۔